حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ ناصران امام مہدی(ع) چھولاں اوڑی نے ایرانی صدر اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای مدظلہ کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔
انجمنِ ناصران کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ
نہایت افسوسناک خبر آئی ہے کہ عاشقِ امام رضا علیہ السّلام، سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کا واقعہ پیش آیا۔ یہ خبر ہر مؤمن کے دل پر گہرا صدمہ چھوڑ گئی ہے۔
ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنی زندگی امام رضا علیہ السّلام کی خدمت میں گزاری اور شہادت سے قبل حاج قاسم سلیمانی کی طرح اپنی جدہ ماجدہ بی بی فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا سے اذنِ وداع لیا اور آخری زیارت پڑھی۔ یہ عظیم شخصیت ایران کے آٹھویں صدر تھے اور آٹھویں امام کے خادم تھے، آٹھویں امام کی ولادت کے دن صدر بنے اور آٹھویں امام کی ولادت کے دن ہی شہید ہوئے۔
ہم اس غم کے موقع پر عالمِ تشیع اور خاص طور پر رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای مدظلہ کی خدمت میں خادمِ امام الرضا علیہ السّلام شہید آقائے سید ابراہیم رئیسی اور ان کے احباب کی شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں اور پروردگار کی بارگاہ میں اہلبیت طاہرین علیہم السّلام کے وسیلے سے دعاگو ہیں کہ پروردگار عالم ان کے اہل و عیال، عزیز و اقارب اور عالمِ تشیع کو صبر جمیل عنایت فرمائے اور مرحومین کے درجات بلند فرمائے۔
شریکِ غم؛ انجمن ناصران امام مہدی(ع) چھولاں اوڑی کشمیر